عوام انتخابات میں منظور وٹو کا کڑا احتساب کرینگے: پرویز ملک

عوام انتخابات میں منظور وٹو کا کڑا احتساب کرینگے: پرویز ملک

لاہور (خبر نگار) رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عوام انتخابات میں منظور وٹو جیسے کرپٹ، مفادپرست اور ابن الوقت سیاستدانوں کا کڑا احتساب کریں گے، منظور وٹو دوسرں پربے بنیاد الزامات لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، عوام کو ان سے وابستہ بیت المال اور بیواﺅں کے فنڈز خورد برد کرنے کے سکینڈل ابھی تک اچھی طرح یاد ہیں۔ اپنے ایک بیان میں پرویز ملک نے کہا کہ منظور وٹو شاید ابھی تک ضمنی انتخابات میں اپنی جماعت کی بدترین شکست کے صدمے سے باہر نہیں آسکے، ضمنی انتخابات میں عوام نے پیپلز پارٹی کا جو حشر کیا ہے، وہ منظور وٹو کو ہمیشہ یاد رہے گا اور اگر کوئی کسر رہ گئی ہے تو آئندہ عام انتخابات کے نتائج کے بعد نکل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے چالاکی اور عیاری میں مہارت کی وجہ سے منظور وٹو کو پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر بنایا تھا لیکن ضمنی انتخابات میں بدترین شکست کے بعد منظور وٹو کی نوکری خطرے میں پڑ گئی ہے، جس کو برقرار رکھنے کیلئے وہ روزانہ بے سروپا بیانات جاری کرتے رہتے ہیں۔