روس صفحہ ہستی سے مٹ گیا، امریکہ بھی تباہی کے ٹریک پر ہے: لیاقت بلوچ

روس صفحہ ہستی سے مٹ گیا، امریکہ بھی تباہی کے ٹریک پر ہے: لیاقت بلوچ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست نیا پاکستان بنانے کے نعرے لگانے والے نہیں بلکہ جماعت اسلامی کی امانت دیانت دار قیادت بنائے گی جس پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے، جماعت اسلامی نے استعمار کے ایجنٹوں کے خلاف جرا¿ت مندانہ موقف اپنایا ہے کراچی کے موجودہ حشر اور مشرقی پاکستان کے حالات سے فوج و سول اسٹیبلشمنٹ نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔ دشمن چاہتا ہے کہ پاکستان کو اتنا کمزور کر دیا جائے کہ یہ کشمیریوں کی پشتیبانی چھوڑ دے اور ایٹمی پروگرام رول بیک کردے، بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد انڈیا کی گود میں بیٹھ کر اور اس کی ڈکٹیشن پر پروفیسر غلام اعظم، مطیع الرحمن، قمر الزمان، ملا عبدالقادر کو پھانسی کے پھندے تک لے جانا چاہتی ہے۔ بلوچستان میں امریکہ بھارت اسرائیل مداخلت کر کے حالات کو خراب کر رہا ہے۔ USSR غلط پالیسی اختیار کر کے صفحہ ہستی سے مٹ گیا امریکہ بھی اسی طرح کے تباہی کے ٹریک پر ہے۔ ہم پوری دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی پر مظالم کا نوٹس لے۔