خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان‘ بھارت بہتر تعلقات ناگزیر ہیں: رانا ثناء

خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان‘ بھارت بہتر تعلقات ناگزیر ہیں: رانا ثناء

لاہور (خبر نگار) صوبائی و زیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ہمسایہ ممالک ہیں۔ خطے میں امن کے قیام کے لئے دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات ہونا ضروری ہیں۔ کھیل اور ثقافت کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی و زیر قانون نے دورہ بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اراکین وفد میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان‘ سنیٹر کامران مائیکل‘ ممبر قومی اسمبلی خرم دستگیر اور ممبر صوبائی  اسمبلی ملک جہانزیب وارن شامل تھے۔ رانا ثناءاللہ نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کی مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی کے کھیل نے دونوں پنجاب کے لوگوں کو ایک بار پھر اکٹھا کر دیا۔ اس سے قبل پاکستان کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں کی واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپسی ہوئی۔