امیر الدین میڈیکل کالج نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گا: انجم حبیب

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج نوجوان طلباءکےلئے روشنی کی کرن ثابت ہوگا اور یہاں سے فارغ التحصیل ڈاکٹر ملک میں ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کا بھی باعث بنیں گے۔ کالج کے اولین تعلیمی سیشن کیلئے جن 100خوش نصیب طلبہ کو داخلہ ملا ہے ان میں 63طالبات اور 37طلباءشامل ہیں۔ وہ دور دراز کے علاقوں اور بیرون ملک جاکر مہنگی تعلیم حاصل کرنے اور بے پناہ مصائب سے بچ گئے ہیں۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے نئے سیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے سفید کوٹ زیب تن کر کے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے یہ طلبا و طالبات مستقبل میں اپنے ملک، والدین اور عوام کیلئے نہایت قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت میں شاندار کردار ادا کریں گے۔