اسلام سلامتی کا دین اور نبی کریم اسکا عملی نمونہ ہیں: ڈاکٹر ظفر اقبال

لاہور (نیوز رپورٹر) شیخ زاید ہسپتال لاہور کے چئیر مین اینڈ ڈین پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ کرسمس کا تہوار منانے کا مقصد نا صرف حضرت عیسی ؑ کی ولادت کا جشن منانا ہے بلکہ ان کا پیغام لوگوں تک پہنچانا بھی ہے۔ یسوع اس دنیا میں ایک نیا نظام لیکر آئے تھے وہ نظام جو محبت اور سلامتی کا تھا اور ان کی ولادت کے 571 سال بعد نبی آخرالزماں کی ولادت ہوئی جن کی نبوت کی عیسائی پیشوا نے سب سے پہلے تصدیق کی تھی۔ حضورﷺ نے جو دین ہم سب کو دیا ہے اس کا نام ہی اسلام یعنی سلامتی کا دین اور ہمارے نبیﷺ نے تو اس محبت کا عملی نمونہ پیش کیا۔ ہمارے دین جس نے ہم سب پر لازم کردیا ہے کہ ہم حضرت عیسیؑ کی بھی اسی طرح عزت و تکریم کریں جس طرح ہم دوسرے نبیوں کی کرتے ہیں۔ وہ کرسمس کے موقع پر پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اکبر حسین، سید نور ڈاکٹر سید اشتر علی زیدی اور منیر بھٹی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔