عمر اکمل دلہن گھر لے آئے، شادی کی تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کی بیٹی نور آمنہ کو بیاہ کر گھر لے آئے۔ شادی کی تقریب گیریژن گالف اینڈ کنٹری کلب میں منعقد ہوئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہمیت شخصیات سمیت موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بارات کی روانگی سے قبل سہرا بندی کے موقعہ پراکمل برادران نے چھوٹے بھائی کی گاڑی کے سامنے خوب بھنگڑے ڈالے۔ عمر اکمل ڈیفنس میں واقع گھر سے سفید رنگ کی مرسیڈیز میں سوار ہو کر لاہور گریثرن کلب پہنچے جسے کامران اکمل چلا رہے تھے۔قومی کرکٹر نے بارات کے موقع پرکالی شیروانی اور کھسہ پہنا۔ دوسری جانب نور آمنہ عروسی لباس میںمشرقی دلہن کے انداز میں نظر آئی۔ لاہور گریژن میں واقع گولف کلب میں باراتیوں کا استقبال نور آمنہ کے والد اور سابق کرکٹر عبدالقادر نے کیا اور پنڈال میں داخل ہونے پر انہیں پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ بچیوں نے مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ شادی کی تقریب میں شرکت کرنیوالی نمایاں شخصیات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی، سیپکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین پی سی بی توقیر ضیائ، کپتان مصباح الحق، سلمان بٹ، سابق چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلیم الطاف، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی و سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم، سابق کپتان انضمام الحق، سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد، ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی، سابق ٹیسٹ کرکٹر انتخاب عالم، سرفراز نواز،زعیم قادری، اظہر زیدی، سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق، پی ٹی آئی کے علیم خان، میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر بلال یاسین، جنید ضیائ، پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین، محمد عامر، خالد محمود، ڈاکٹر جمیل، شکیل شیخ، اعجاز احمد، توفیق عمر، تاجر رہنما صفدر بٹ، مذہبی سکالر طیبہ خانم بخاری کے علاوہ عزیر و اقارب اور دوست احباب شریک ہوئے۔ شادی کی تقریب میں مہمانوں کی ون ڈش کے ساتھ تواضع کی گئی۔ مزید برآں عمر اکمل نے شادی کے دن کو یادگار دن قرار دیدیا۔ اپنی دلہن نور آمنہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اس دن کا بہت انتظار تھا۔ امید ہے کہ کرکٹ کئیریر کی طرح ازدواجی زندگی بھی کامیاب رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی ماں باپ کی رضا مندی سے کی ہے اور اسے کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ نور آمنہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا بہت شوق ہے۔ عمر اکمل ایک اچھے کھلاڑی ہیں انکے تمام میچز دیکھے ہیں۔ میری دعا ہے کہ ازدواجی زندگی کامیاب رہے ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے ہر اچھے اور برے وقت میں عمر اکمل کا ساتھ دوں گی۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری نیک تمنائیں دونوں خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ عمر اکمل اور نور آمنہ کا تعلق کرکٹ فیملی ہے میری دعا ہے کہ ان کی اولاد بھی کرکٹ کے میدان میں ملک کا نام روشن کرے۔