بھارت نے 21 پاکستانی رہا کر دیئے، واہگہ پر حکام کے حوالے
لاہور (خصوصی رپورٹر+ اے پی اے) بھارت نے 18ماہی گیروں سمیت 21پاکستانی قیدیوں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کے حکام نے گذشتہ روز اپنے ملک کی مختلف جیلوں میں قید 18 پاکستانی ماہی گیروں اور 3 شہریوں کو واہگہ بارڈر پر رینجرز کے حوالے کیا۔ اپنے وطن کی حدود میں داخل ہوتے ہی یہ پاکستانی واہگہ بارڈر پر سجدہ ریز ہو گئے اور بھارت سے اپنی رہائی پر خدا کا شکر ادا کیا اور اس موقع پر انہوں نے کہا بھارت سے رہائی نئی زندگی ملنے کے مترادف ہے۔ بھارت کی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کے ساتھ جو سلوک کیاجا رہا ہے وہ الفاظ میں بیان کرنا بھی مشکل ہے۔