توہین آمیز خاکوں کیخلاف احتجاج جاری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) آسٹریا میں فریڈم پارٹی آن لائن اسلام مخالف گیم، انتہا پسند ہندﺅوں کی جانب سے مزید مساجد کو شہید کرنے کی تیاریوں، قرآن پاک کی بے حرمتی، توہین آمیز خاکوں اور ڈاکٹر عافیہ کو سزا سنائے جانے کے خلاف دینی و سیاسی جماعتوں کے ملک بھر میں جلسے، مظاہرے اور کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مولانا امیر حمزہ نے جامع مسجد عثمانیہ گوجرانوالہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صلیبی و یہودی بار بار مسلمانوں کی غیرت و حمیت پر حملے کر رہے ہیں۔ مسلمان قرآن پاک، نبی اکرمﷺ کی حرمت کے تحفظ کے لئے متحد و بیدار ہو جائیں۔ ڈاکٹر حافظ عاکف سعید، حافظ عبدالغفار روپڑی، علامہ زبیر احمد ظہیر، فرید پراچہ، مولٰانا بشیر خاکی، مولانا احمد سعید، محمد قاسم و دیگر نے مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطابات کرتے ہوئے کہاکہ حکمران امریکہ و یورپ سے ڈرنے کی بجائے اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کریں۔ حافظ عبدالسلام، قاری یعقوب شیخ، مولانا یوسف طیبی، الشیخ عبداللطیف، مولانا غلام قادر، مولانا فیصل ندیم، انجینئر نوید قمر، حافظ ابوالقاسم، قاری عبداللہ، ابو حفص عبدالقیوم و دیگر نے گوجرانوالہ، قصور، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ، پشاور، کوئٹہ، کراچی اور دیگر شہروں میں جلسوں، مظاہروں اور حرمت رسولﷺ کانفرنسوں سے خطاب کیا۔