مسلم لیگ ن نے پارلیمنٹ کے ذریعے انتخابی اصلاحات لانے کی حمایت کا فیصلہ کر لیا
لاہور(فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے ذریعے انتخابی اصلا حات لائے جانے کی حمایت کرے گی، پارٹی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف بذات خود انتخابی نظام کو مزید شفاف بنانے کے حق میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ایران کے دورے سے واپسی پر اپنے قریبی رفقاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد عدلیہ اور آزاد الیکشن کمشن کیلئے مسلم لیگ (ن) کی جدوجہد ملک کی کسی بھی اور سیاسی جماعت سے کم نہیں ہے۔وزیر اعظم نے اپنے ساتھیوں کو واضح طور پر کہا کہ اپوزیشن جماعتیں احتجاج کا سیاسی حق استعمال کریں تو اس پر گرمی کھانے والی کوئی بات نہیں ہے بلکہ ضلعی انتظامیہ کو ہمیں ہدایت کرنی چاہئے کہ غیر ضروری پابندیوں سے اجتناب کرے۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی اور وزیر اعلی پنجاب کی پبلک افئیر کمیٹی کے سربراہ حمزہ شہباز نے تصدیق کی ہے کہ مسلم لیگ(ن) انتخابی اصلا حات کے حق میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کو انتخابی اصلا حات جیسا سنجیدہ معاملہ جلسوں یا سڑکوں پر لے جانے کی بجائے پارلیمنٹ میں لانا چاہئے۔