گیس چوری مقدمات کی سماعت کیلئے ہر ضلع میں سپیشل کورٹ بنانے کی سفارش

لاہور (وقائع نگار خصوصی) محکمہ پراسکیوشن نے سوئی گیس چوری سے متعلق عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے گیس چوری مقدمات کی سماعت کےلئے ہرضلع میں سپیشل کورٹ بنانے اور روزانہ کی بنیاد پر کیسز کی سماعت کےلیے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ۔ محکمہ پراسکیوشن کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2012 سے لے کر30 جون 2013 تک گیس چوری کے کل 339 مقدمات درج ہوئے۔ 278 ملزمان کے چالان عدالتوں میں پیش ہوئے جبکہ 158ملزمان کا ٹرائل مختلف عدالتوں میں جاری ہے۔ سابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی سمیت 49 ملزمان کو پولیس گیس چوری کے مقدمات میں گرفتار نہیں کر سکی۔گیس چوری کے مقدمہ میں صرف ایک ملزم کو ہی تین سال قید کی سزا ہوئی ہے۔ پراسکیوٹر جنرل پنجاب صداقت علی خان کاکہنا ہے کہ گیس چوری کیس میں جو بھی اعلی شخصیت ملوث ہوگی اس کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔