پنجاب حکومت مفت اور لازمی تعلیم کا بل اسمبلی میں لائے: رہنما ق لیگ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ق لیگ پنجاب کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل ، عامر سلطان چیمہ، اور ثمینہ خاور حیات نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت مفت اور لازمی تعلیم کا بل اسمبلی میں لائے، گزشتہ اسمبلی میں ہماری جماعت نے5سے16سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کی فراہمی کا مسودہ قانون پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروایا تھا جسے وجہ بتائے بغیر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ عامر سلطان چیمہ نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے میٹرک تک تعلیم اور کتابیں مفت کرکے تعلیم کو عام کرنے کا انقلابی فیصلہ کیا۔ سردار وقاص حسن موکل نے کہا کہ مفت اور لازمی تعلیم کے حوالے سے مزید تاخیر مجرمانہ غفلت ہوگی ،ہماری پارٹی 5سے16سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے ایک بار پھر مسودہ قانون آج پنجاب اسمبلی میں جمع کروائے گی۔