مستحقین کو عید گرانٹ فراہم کرنے کیلئے 20 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر زکوة و عشر ملک ندیم کامران نے مستحقین زکوة کو عید گرانٹ کی مد میں20کروڑ 42لاکھ 28ہزار روپے کے فوری اجراءکے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔انہوں نے یہ بات آج یہاں مستحقین زکوة میں فنڈز کے اجراءکے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ ملک ندیم کامران نے کہا کہ مستحقین کو جاری کردہ عید گرانٹ سے 2لاکھ 4ہزار 228مستحقین مستفید ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ ایسے اضلاع جہاں زکوة کمیٹیاں فعال نہیں ،وہاں یہ امدادی رقوم مستحقین تک پہنچانا ضلعی افسران زکوة کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی میں شفاف طریقہ کار پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ ضلعی افسران زکوة اور چیئرمین زکوة کمیٹی کے خلاف بلاامتیاز سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔