عوامی مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے: بلال یٰسین

لاہور (نیوز رپورٹر+خبر نگار) صوبائی وزیر خوارک بلال یٰسین نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کے بعد اب پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائیگا۔ اپنے حلقہ کے مختلف حلقوں میں بجلی کے نئے ٹرانسفارمر لگوانے سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے اور حلقہ کا دورہ کرتے ہوئے کارکنوں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف ملکی و قومی خدمت کرنا ہے اور ہماری حکومت کو جن مشکلات کا سامنا ہے وہ بہت جلد دور ہو جائیں گی۔ اس موقع پر سینئر رہنما میاں امجد حسین بلو، ملک امتیاز اعوان، وارث محمود انجم، ملک مجید اعوان، محمد طفیل بٹ و دیگر انکے ہمراہ تھے۔ بلال یٰسین نے واسا حکام کو مون سون اور موسم کے پیش نظر ہنگامی طور پر انتظامات کے احکامات بھی دیئے۔ میاں امجد بلو کا کہنا تھا کہ بلال یٰسین ہمارے ہر دل عزیز عوامی رہنما ہے جنہوں نے خود کو لوگوں کی خدمت کیلئے وقف کررکھا ہے۔دریں اثنا وزیرخوراک بلال یٰسین نے گزشتہ روز تیز بارش کے دوران لاہور کا دورہ کیا اور بارش سے کھڑے ہونے والے پانی کے نکاس کے آپریشن کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا جب تک لکشمی چوک سے پانی کا نکاس نہ ہو جائے‘ اس علاقے میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ بلال یٰسین کی خصوصی نگرانی کے باعث لکشمی چوک سے صبح گیارہ بجے تک پانی نکال دیا گیا۔