رمضان کریم ہمیں صبروتحمل اور صلہ رحمی کا درس دیتا ہے: عبدالوہاب روپڑی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) رمضان کریم ہمیں صبر و تحمل اور صلہ رحمی کا درس دیتا ہے، روزہ کا حقیقی مقصد تقویٰ اختیار کرنا ہے۔ مقدس مہینے میں ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی ،ملاوٹ اور غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے مذموم سرگرمیوں سے باز رہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلحدیث پاکستان کے ذمہ داران مولانا عبدالوہاب روپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اسلامی ممالک سمیت متعدد غیر اسلامی ملکوں میں بھی رمضان کے آمد کے ساتھ ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی جاتی ہے جبکہ وطن عزیز میں ہر سال جب رمضان المبارک کا مہینہ آتا ہے تو لوٹ مار کا بازار گرم ہو جاتا ہے۔ حکومت بھاری مینڈیٹ کا احترام کرے اور قوم کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کرے۔ انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ گرانفروشوں اورذخیرہ اندوزی کرنے والوں کا محاسبہ کریں اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرے۔