اسلامی تحریکوں کے خلاف کارروائی دشمن قوتوں کو خوش کرنے کیلئے ہے: میاں جمیل

لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی تحریکوں کے خلاف کارروائی دشمن قوتوں کو خوش کرنے کیلئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید پاکستان کے سربراہ میاں محمد جمیل نے بنگلہ دیش میں پروفیسر غلام اعظم کو 90 سال قید کے فیصلہ کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی حکومت نے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دیں۔ میاں جمیل نے کہاکہ مصر اور شام میں بھی اسلامی تحریکوں کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی معاملات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کی گھٹیا حرکتوں سے اسلام کو دبایا نہیں جا سکتا۔ میاں جمیل نے کہا کہ حقوق انسانی کے نام نہاد چیمپئن امریکہ کی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف یہ خاموشی معنی خیز ہے۔