شاہدرہ: بیوی سے تعلقات کا شبہ، مالک مکان کو قتل کرکے خودکشی کر لی
لاہور + فیروزوالا (سٹاف رپورٹر + نامہ نگار) شاہدرہ ٹائون کے علاقے میں خاوند نے بیوی سے تعلقات کے شبہ میں مالک مکان کو قتل کرکے خودکشی کر لی۔ 5بچیوں کی ماں دوسری شادی کے لئے خاوند سے طلاق مانگ رہی تھی اور طلاق نہ دینے پر ناراض ہو کر دارلامان چلی گئی تھی۔ پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا دیں اور کہا کہ درخواست آنے پر مقدمہ درج کیا جائیگا۔ معلوم ہوا ہے کہ شیخوپورہ کا رہائشی 5 بیٹیوں کا باپ جاوید مصطفی آباد میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا اس کی بیوی سے مالک مکان حاجی اصغر نے تعلقات استوار کر لئے جس کا جاوید کو بہت رنج تھا بیوی اصغر سے شادی کرنے کیلئے جاوید سے مسلسل طلاق مانگ رہی تھی مگر اس نے انکار کر دیا جس پر خاتون بچوں اور خاوند کو چھوڑ کر دارالامان چلی گئی جس پر جاوید نے گھر خالی کر دیا اور بچیوں کو شیخوپورہ میں آبائی گھر میں چھوڑ آیا اور گذشتہ روز جاوید لاہور آیا اور فائرنگ کرکے اصغر کو قتل کر دیا فائرنگ کے دوران راہگیر سلمان بھی زخمی ہو گیا اصغر کو قتل کرنے کے بعد جاوید نے خودکو گولی مار لی۔