150 تلور چولستان میں آزاد کر دئیے گئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل فنڈ فار ہوبارہ کنزرویشن ابوظہبی اور ہوبارہ فاؤنڈیشن انٹرنیشنل پاکستان نے مشترکہ طور پر 150 تلور صحرا چولستان میں آزاد کئے۔ ان کی ابوظہبی میں افزائش کی گئی تھی۔ گزشتہ کئی سالوں میں بھی اسی طرح سینکڑوں تلور ہمارے ملک میں آزاد کئے جاچکے ہیں جن میں سب سے بڑی تعداد مارچ 2015 میں 600 پرندوں کی تھی، فروری 2016 میں 200 پرندے اور مارچ 2017 میں 500 پرندے آزاد کئے گئے۔ یہ تمام پرندے پاکستان کی رہائشی نسل سے ہیں اور پاکستان کے حیاتی نظام میں جنگلی پرندوں کی تعداد کو بڑھانے کے لئے چھوڑے گئے۔ انٹرنیشنل فنڈ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اُن کے افزائشی پروگرام میں 59,000 تلور کی افزائش کی انقلابی کامیابی ہوئی ہے اور ہزاروں پرندے مختلف مقامات پر کئی ممالک بشمول پاکستان میں چھوڑے گئے۔ جب سے افزائشی پروگرام شروع کیا گیا، 206,000 تلور کی افزائش ہوچکی ہے جن میں سے 137,831 پرندے جنگل کی آزاد فضا میں رہا کیے جاچکے ہیں۔ IFHC اَب ہر سال 59,000 تلور پیدا کر رہا ہے۔