الیکشن پر بے یقینی کے سائے بڑھ رہے ہیں‘ سیاسی جماعتیں متحد ہوجائیں: سراج الحق
لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن 2018 پر بے یقینی کے سائے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں اس صورتحال سے نکلنے کے لیے ساری سیاسی جماعتیں آئین پر متحد ہو جائیں ۔ اس حوالے سے آئین سے ماوریٰ کوئی قدم نہیں اٹھایا جانا چاہیے اور انتخابات بروقت ، شفاف اور آزادانہ و غیر جانبدارانہ ہونے چاہئیں ۔ امریکہ کے مقابلہ کے لیے پوری قوم کو تیار کیا جائے ۔ صدر ٹرمپ سمیت پوری دنیا پر واضح کیا جائے کہ افغانستان میں غیر ملکی فوجوں کی موجودگی سے حالات مزیدبگڑ رہے ہیں ۔ کسی قوم ، ملک اور حکومت کو ٹھیک کرنے کا راستہ فوج کشی نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جیسے جیسے انتخابات کا وقت قریب آرہاہے ، الیکشن پر سیاہ بادل گہر ے ہوتے جارہے ہیں ۔ گرد و غبار اور دھول نے عوام کو گہری تشویش میں مبتلا کر دیاہے لیکن اس بے یقینی سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن کا آئین کے مطابق بروقت انعقاد ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو اس سلسلے میں متحد ہو کر مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے الیکشن کو طے شدہ شیڈول کے مطابق کرانے پر زور دینا چاہیے ۔