ہمارے خلاف طاقت استعمال کی گئی تو جواب دیا جائیگا، طاہر القادری
لاہور (این این آئی) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری عمران خان کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی، مقصدکے حصول کے لیے ساتھ ہونگے، قوی امید ہے تمام جماعتوں کی مرکزی قیادت 17جنوری کے احتجاج سے خطاب کرے گی۔ وہ گزشتہ روز پارٹی راہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے، سربراہ عوامی تحریک نے ایم این اے جمشید دستی سے ٹیلی فون پران کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا،ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آج تک بد امنی کی نہ آئندہ کریں گے، ہمارااحتجاج پر امن اور انصاف کے حصول کے لیے ہے،ہمارے خلاف طاقت استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، جواب دینے پر مجبور کیا گیا تودیں گے،اکیلے نہیں ہیں دیگر جماعتیں بھی ساتھ ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف نے شیخ مجیب الرحمن بننے کا اعلان کرکے اسے اپنا نظریاتی لیڈر مان لیا اور کہہ دیا کہ وہ پاکستان کو توڑنے کے عمل کا حصہ بنیں گے اور جو روک سکتا ہے روک لے،انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کے ٹکڑے کرنے کا خیال کرنے والا خود ٹکڑے ٹکڑے ہوجائے گا، یہ اپنے بنائے ہوئے نظام کے تحت پھانسی چڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے ایک نااہل، خائن اور بدعنوان کو پارٹی صدر بنانے کے لیے قانون سازی کر لی، اگر ان کی ترجیحات میں انصاف کی فراہمی ہوتی تواس پر قانون سازی کرتے۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کا اقتدار آخری سانسیں لے رہا ہے۔