شہباز شریف اور رانا ثنا استعفیٰ دے کر احتساب کیلئے پیش ہوں، زرداری
لاہور ( این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون پر مزید انتظار نہیں کر سکتے شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ عہدے چھوڑ کر خود کو احتساب کیلئے پیش کریں ، 17جنوری کو جیالے بڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں پہنچیں ۔ گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور پہنچنے پر بلاول ہائوس لاہور میں اجلاس کی صدارت کی جس میں 17اکتوبر کے جلسہ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری سے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال ، 17جنوری کے احتجاج اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔