یوتھ فیسٹیول سے دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر ختم ہو گا: رانا مشہود

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نوجوان مستقل بنیادوں پر یوتھ فیسٹیول سے دنیا بھر میں پاکستان کے منفی تاثر کو ختم کریں گے جبکہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے کہا کہ نوجوانوں کے مثالی نظم و ضبط نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی یوتھ دنیا کے کسی بھی نوجوان سے کم نہیں ہیں۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا انسانی قومی پرچم بنانے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور آئے تو وہاں پر موجود ہزاروں طالب علموں اور آرگنائزرز نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ طلباء کے فلک شگاف قومی نعروں سے سٹیڈیم گونج اٹھا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل خود بھی نعرے لگا کر طالب علموں کے جذبوں کو گرماتے رہے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق جہاں تعلیم، مواصلات، انرجی، امن و امان اور صحت کے شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے وہاں نوجوانوں کو کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا بھی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 26 عالمی ریکارڈ بنے تو امریکہ، کینیڈا اور انگلینڈ سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی شہریوں کے خطوط، ٹیلی فون اور ای میل موصول ہوئیں۔ سالانہ بنیادوں پر یوتھ فیسٹیول کے انعقاد کو ممکن بنا کر دنیا بھر میں پاکستان کے منفی تاثر کو ختم کریں گے۔