پنجاب حکومت کا یکم سے 8 مارچ تک ہفتہ ترقی خواتین منانے کا اعلان

لاہور (لیڈی رپورٹر) حکومت پنجاب نے یکم مارچ سے 8 مارچ تک ’’ہفتہ ترقی خواتین‘‘ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے سلسلے میں منائے جانے والے ہفتہ میں صوبہ بھر کے 256 سرکاری کالجز اور نجی و پبلک سیکٹر کی 35 سے زائد یونیورسٹیوں میں خواتین کے معاشرتی مقام میں بہتری لانے اور انہیں قومی سطح پر فیصلہ سازی کے عمل میں زیادہ موثر کردار تفویض کرنے کے حوالے سے سیمینارز منعقد کئے جائیں گے اور 5 مارچ، 6 مارچ اور 7 مارچ کو ضلعی اور ڈویژنل سطح پر خواتین کے حقوق سے عوام کی آگاہی مہم کے سلسلے میں مختلف تقریبات منعقد ہوں گی جن میں متعلقہ ضلع کے منتخب عوامی نمائندوں، فلاحی تنظیموں اور متعلقہ سرکاری محکموں کے عہدیداروں کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں رہنے والی خواتین شرکت کریں گی۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں خواتین کے عالمی دن کی تقریبات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے والی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سماجی بہبود سید ہارون سلطان بخاری، صوبائی وزراء بیگم حمیدہ وحیدالدین، بیگم ذکیہ شاہنواز، ایم این اے اور سیکرٹری سوشل ویلفیئر فہمیدہ مشتاق نے شرکت کی۔