نوجوانوں نے 14 فروری کو یوم حیاء منا کر اسلام سے وابستگی کا ثبوت دیا: سراج الحق

لاہور (خصوصی رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر صوبہ خیبر پی کے اور نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے پر سرکاری سرپرستی میں غل غباڑہ کرنا اور بے حیائی کو فروغ دینا افسوسناک ہے، پاکستان کے نوجوانوں نے ویلنٹائن ڈے کی بجائے یوم حیا منا کر اسلام سے گہری وابستگی کا ثبوت دیا ہے، نوجوان اس امت کا مستقبل ہیں ان کی اخلاقی تربیت کے بجائے مخرب اخلاق سرگرمیوں کا پرچار افسوسناک ہے۔ مغرب کے ذہنی غلام پاکستان کی اسلامی شناخت ختم کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ کے گن گانے والوں کو سمجھ لیناچاہیے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو افغانستان میں ذلت آمیز شکست ہوئی ہے۔ امریکہ اسلحہ کے زور پر دنیا پر اپنا تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ مسلح دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے معاشی دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔