مسائل سے نجات کیلئے سیاسی جماعتیں ٹھوس موقف اپنائیں: قاضی احمد سعید

لاہور(خبر نگار) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں جاری بدامنی، مہنگائی، اغوا ء برائے تاوان اور لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک اور عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ٹھوس اقدامات کریں۔ملک اس وقت محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا جبکہ مسلم لیگ ن نے محاز آرائی پر عمل پیرا ہے۔ ماضی کی غلطیاں دہراتے ہوئے انتقامی سیاست کو فروغ دے رہی ہے جس کے نتائج ہمیشہ بھیانک ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے آمریت کا راستہ روکنے کے لئے آصف علی زرداری کے قیادت میں ٹھوس اقدامات کئے۔