مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاکستان، بھارت تعلقات میں بہتری ممکن نہیں: گورنر پنجاب

لاہور (آئی این پی) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری اور مضبوطی ممکن نہیں ہو سکتی۔ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے تیسرے فریق کشمیر کو بھی مذاکرات میں شامل کرنا چاہئے۔ وہ گذشتہ روز بھارت روانگی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور پرامن تعلقات چاہتا ہے لیکن یہ تعلقات صرف برابری کی بنیاد پر ہی قائم کئے جا سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن اور سلامتی کے لئے انتہائی اہم ہے اور بھارت کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن اور دونوں ملکوں میں تعلقات کی مضبوطی ممکن نہیں۔