عالمی ریکارڈ کی جھلکیاں

چودھری محمد اشرف / سپورٹس رپورٹر
٭ یوتھ فیسٹیول 2014 میں گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کا سب سے بڑا قومی پرچم بنانے کے لئے آنے والے پاکستانی نوجوانوں کا جذبہ دیدنی تھا۔
٭ بارش اور خراب موسم بھی نوجوانوں کے جذبے اور جنون کو کم نہ کرسکا۔
ِ٭ تقریب کے مہمان خصوصی حمزہ شہباز شریف کی آمد پر نوجوانوں کا جذبہ دیدنی ہو گیا۔
٭ یوتھ فیسٹیول 2014 ء کے دوران پاکستان کے لئے پہلا ورلڈ ریکارڈ بنانے کے لئے پنجاب کے مختلف سکولوں سے آئے ہزاروں طلباء نے نظم و ضبط کا فقیدالمثال مظاہرہ کیا۔
٭ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے ۔ پنجاب پولیس اور خفیہ اداروں کے افسران اور اہلکارسکیورٹی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیتے رہے۔ سٹیڈیم میں داخل ہونے والوں کو سخت جامہ تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔  اس موقع پر ریسکیو1122 کے 350 اہلکار موجود تھے۔
٭  سٹیڈیم میں بجنے والے ملی نغموں اے جوان اے جوان ، وطن کی مٹی گواہ رہنا، یہ وطن تمہارا ہے اور چھولو آسمان نے طلباء کے جوش و جذبہ میں مزید اضافہ کیا۔
٭قومی پرچم کے عالمی ریکارڈ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا حصہ بھی رہا، ہیڈکیورئیٹر حاجی بشر اپنے سٹاف اور سپر ساکر لے کر نیشنل ہاکی سٹیڈیم آئے اور ہفتہ کی صبح ہونے والی بارش کے پانی کو خشک کیا۔