ضلعی انتظامیہ نے 4 سو اہلکاروں پر مشتمل انٹی انکروچمنٹ‘ سکواڈ تشکیل دیدیا

لاہور (خبر نگار) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضینے افسران کو ہدایت کی ہے کہ 18 فروری سے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے شروع ہونے والی مہم کو احسن طریقے سے چلایا جائے۔ چار سو اہلکا روں پر مشتمل انٹی انکروچمنٹ سکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے اور 9 ٹائونز کو 3 زونز میں تقسیم کرنے کے علا وہ لیگل سیل بھی قائم کر دئیے گئے ہیں۔ تجاوزات کے خلاف یہ مہم مستقل جاری رہے گی۔ ڈاکٹر احمد جا وید قاضی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بلڈنگ لائن کی پابندی کرتے ہوئے تمام سڑکیں اور چوک کلیئر کروا ئے جائیں گے اور اگلے مہینے کے آغاز تک لاہور تبدیل نظر آئے گا۔ وہ گذشتہ روز نادر ہال میں تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے اجلاس  کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، ٹی او (آرز) نے شرکت کی۔ ڈی سی او لاہور نے کہا کہ ریڑھی بانوں کے لیے باقاعدہ ریڑھی بازار بنیں گے اور ریڑھی بانوں کی فہرستیں تیار کرنے کے علاوہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ان کے انگوٹھوں سے ان کی شناخت ہو گی۔