سی ایم ایچ کی تقریب میں وزیراعلیٰ کا پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین

سی ایم ایچ کی تقریب میں وزیراعلیٰ کا پاک فوج کی خدمات کو خراج تحسین

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سی ایم ایچ میڈیکل کالج لاہور کے دوسرے کانووکیشن کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور انتہائی خوشگوار انداز میں شرکاء سے خطاب کیا۔ گولڈمیڈل حاصل کرنے والے گریجوایٹ ڈاکٹرز اور لیڈی ڈاکٹرز جب اپنی نشستوں پر کھڑے ہوئے تو اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ خواتین زندگی کے ہر میدان میں مردوں سے سبقت لے رہی ہیں تاہم یہاں معاملہ برعکس نظر آتا ہے اور گولڈ میڈل حاصل کرنے والے گریجوایٹ ڈاکٹرز کی تعداد لیڈی ڈاکٹرز کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ آج بچے بچیوں سے سبقت لے جاتے نظر آ رہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ مقابلے کا رجحان آگے بڑھنے کی جستجو کو مزید تقویت دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاک افواج کی ملک اور قوم کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ سیلاب، زلزلے یا کسی بھی قدرتی آفت میں پاک افواج نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لیا ہے اور مجھے یاد ہے کہ جب پنجاب میں ڈاکٹرز ہڑتال پر گئے تو اس وقت کے آرمی چیف جنرل کیانی نے ہماری درخواست پر پاک افواج کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو ہسپتالوں میں بھجوایا اور انہوں نے دن رات دکھی انسانیت کی خدمت کی۔