دھاندلی کے الزامات سے انتخابات کی شفافیت جھٹلائی نہیں جا سکتی: رانا ارشد

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ عمران خان ہوا میں تیر چلا کر شکار کرنا چاہتے ہیں، دھاندلی کے مبہم الزامات سے انتخابات کی شفافیت کو دھندلانا ممکن نہیں، جنرل الیکشن میں شکست کے بعد تحریک انصاف کے رہنما حواس کھو چکے ہیں، جھوٹے الزامات سے کب تک عوام کو بہکانے کی کوشش کرتے رہیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی عمدہ ترین کارکردگی کا اعتراف اپوزیشن بھی کرتی ہے، ملکی اور غیر ملکی ادارے بھی پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کو سراہتے ہیں۔ گڈگورننس اور شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما کو اپنے اندرونی معاملات پر بھی توجہ دینی چاہیے جہاں پارٹی فنڈ میں کروڑوں کے غبن کے الزامات بار بار میڈیا پر دوہرائے جا رہے ہیں۔