حکمرانوں نے ملک آئی ایم ایف‘ ورلڈ بنک کے پاس گروی رکھوا دیا: اویس نورانی

لاہور (سپیشل رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ ملک میں قتل و غارت اور دہشت گردی کی کارروائیاں اسلام دشمن قوتوں کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے جس تیزی سے یہ قتل عام پھیل رہا ہے وہ نا صرف حکمرانوں بلکہ محب وطن رہنمائوں کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے۔ اس آگ کو جتنا جلد کنٹرول کر لیا جا ئے اسی میں ملک و قوم کا بھلا ہے۔ اگر حکمرانوں نے اس آگ کو جلد ٹھنڈا نہ کیا گیا تو وہ بھی اس سے محفوظ نہیں رہیں گے۔ حکمران عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹا کر یوتھ پروگرام جیسے مشاغل کی طر ف لگا رہے ہیں تاکہ قوم کو الجھا کر اپنے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔ کشکول توڑنے والے حکمرانوں نے اس وقت ملکی معیشت اور خود مختاری کو سوالیہ نشان بنا کر رکھ دیا ہے۔ قوم و ملک کو آئی ایم ایف اور امریکہ کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی بُری طرح ناکام اور قوم اندرونی طور پر انتشار کا شکار ہے۔ یہ سب کچھ ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے جب تک قوم مجموعی طور پر اللہ رب العزت کے سامنے اپنے گناہوں سے توبہ نہیں کرتی اور یہاں اس کے رسولؐ کا نظام نافذ نہیں کرتی ہمارے حالات بد سے بد تر ہوتے جائیں گے۔