یوم تحفظ بیت المقدس‘ لاہور سمیت پنجاب بھر میں مظاہرے‘ ریلیاں
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران)لاہور سمیت پنجاب بھر میں یوم تحفظ بیت المقدس منایا گیا جبکہ امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے ٹرمپ کے فیصلے کیخلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف اضلاع میں سیاسی، سماجی، مذہبی ، سرکاری، طلبہ، تاجروں، بلدیاتی نمائندوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں جن میں امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ قبل اوّل کی حفاظت کیلئے جانوں کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہ کرنے کا عزم کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ٹرمپ کا فیصلہ اُمت مسلمہ کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ قبلہ اوّل مسلمانوں کا مرکز ہے اسکی حفاظت کیلئے ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنا سعادت سمجھتا ہے۔ میانوالی‘ چنیوٹ ‘ فیصل آباد‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ بہاول پور ‘ سرگودھا‘ نارووال ‘ٹوبہ ٹیک سنگھ ‘ قصور ، چونیاں‘ پتوکی اور کوٹ رادھا کشن ‘ ساہیوال ‘ پاکپتن ‘اوکاڑہ ‘ ساہیوال‘ بھکر‘وہاڑی ‘جھنگ‘ ننکانہ صاحب‘سیالکوٹ‘گجرات اور دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن ارکان اسمبلی‘ سیاسی و سماجی شخصیات‘ مختلف تنظیموں‘ بلدیاتی نمائندوں‘ تاجروں‘ طلبہ اور ہر شعبہ زندگی کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امریکی اور اسرائیلی پرچم جلائے گئے اور دونوں ملکوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ علاوہ ازیں پاکستان علماء کونسل اور اس کی حلیف جماعتوں کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم ’’ لبیک یا اقصیٰ‘‘ کے طور پر منایا گیا ، ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں ، اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے امریکی صدر کے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، اسلامی ممالک کو امریکہ کا سفارتی ، اقتصادی اور معاشی بائیکاٹ کرنا چاہیے ، امریکی صدر نے امن کو تباہ کرنے کی سازش کی ہے جس کا مسلم امہ کو بھر پور جواب دینا ہو گا۔مقررین نے کہا کہ ایک پلاننگ کے تحت امریکہ اور اس کے حواری اسلامی دنیا کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور امریکی صدر دنیا کو عالمی جنگ کی طرف لے جا رہے ہیں۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے عالمی امن کو خطرہ میں ڈال دیا ہے، اسلامی ممالک امریکہ کا سفارتی بائیکاٹ کریں ، الاقصیٰ کی آزادی اور القدس کا تحفظ حرمین الشریفین کے تحفظ کی طرح فرض عین ہے ،انہوں نے کہا کہ ایک پلاننگ کے تحت امریکہ اور اس کے حواری اسلامی دنیا کو کمزور کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور امریکی صدر دنیا کو عالمی جنگ کی طرف لے جا رہے ہیں۔شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام علامہ سیدساجد علی نقوی کی ہدایت پر امریکہ کی طرف سے بیت المقدس کو ناجائز اسرائیلی ریاست کا دارالخلافہ تسلیم کرنے کے اعلان کے خلاف یوم احتجاج منایا ۔ مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کئے ۔اس موقع پر شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قراردینے کا امریکی فیصلہ غیر منصفانہ، غیر آئینی اور غیر اخلاقی ہے۔ دریں اثنا ملک کی 10 دینی و سیاسی جماعتوں کے مشترکہ الائنس (اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان) نے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیلی دارالخلافہ تسلیم کرنے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کیخلاف اور القدس کے تقدس کے تحفظ کے ضمن میں ملک بھر میں یوم حرمت القدس منایا۔فیروزوالہ میں مسلم لیگ ن تحصیل فیروزوالہ اور میونسپل ٹائون کمیٹی کوٹ عبدالمالک مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام یوم اقدس بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ کوٹ عبدالمالک ریلی کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن پنجاب اسمبلی پیر محمد اشرف رسول اور دیگر نے کی۔حافظ ٓباد میں بھی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیراہتمام ڈی سی آفس سے جناح چوک تک ’’تحفظ القدس واک‘‘ ہوئی۔ واک کے شرکاء نے امریکی اور اسرائیلی ناپاک سازش اور عزائم کی مذمت میں نعرے بازی بھی کی۔مرکزی انجمن تاجران ضلع شیخوپورہ کے زیر اہتمام بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جو مرکزی دفتر خادم حسین روڈ سے شروع ہو کر پریس کلب پہنچ کر بہت بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرگئی ۔ گوجرانوالہ میں مختلف سیاسی وسماجی شخصیات کی طرف سے ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں میئر میو نسپل کارپوریشن گو جرانوالہ شیخ ثروت اکرام ‘ ایم پی اے حاجی محمد نواز چوہان،ایم پی اے تو فیق بٹ،ایم پی اے عمران خالد بٹ،ڈپٹی میئر رانا مقصود‘صدر چیمبر آف کامرس میاں عامر محمود،،نا صر محمود کھو کھر،مختلف یو سی چیئرمین،سیٹھ الیاس،میاں زاہد،عامر اکرام بٹ ،چو ہدری شاہد محمود سمیت دیگر نے شرکت کی ۔