پاکستان روس میں مضبوط تعلقات قائم ہو گئے، پولیٹیکل سیکرٹری روسی سفارتخانہ

 لاہور (کلچر رپورٹر) روسی سفارتخانے کے پولیٹیکل سیکرٹری ولادیمیر شیرٹر نے کہا ہے کہ آج روس اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہو گئے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی خوشحالی کے لئے دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ ان حیالات کا اظہار انہوں نے روس کی براڈ کاسٹنگ کمپنی ”دی وائس آف ایشیا“ کے زیر اہتمام سیفما سنٹ لاہور میں تیسری کل پاکستان ”صدائے روس لسنرز کانفرنس“ سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان کے ادیبوں کے درمیان ایک عرصے سے بہت قربت رہی ہے لہٰذا اردو اور پاکستان کے علاقائی جدید اور کلاسیکی ادب کو دونوں ملکوں میں پروموٹ کیا جائے۔ اس سے امن کی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔ ماسکو ریڈیو کی ڈائریکٹر جنرل ویرا نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام سے بہت محبت کرتے ہیں اگر روس کو صحیح معنوں میں سمجھنا ہے تو بی بی سی اور وائس آف امریکہ کے ذریعے اسے سمجھنے کی کوشش نہ کریں، روس کے بارے میں صحیح پتہ روسی ذرائع ابلاغ سے ہی چلے گا۔ سیکرٹری جنرل سیفما امتیاز عالم نے کہا کہ جب سے روس کا بطور دوسری سپر پاور کردار ختم ہوا ہے دنیا میں طاقت کا توازن بگڑ گیا ہے اور مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ مستنصر حسین تارڑ نے کہا کہ مجھے رائٹر روس کے سفرنامے نے بتایا ماسکو کا سفرنامہ میری پہلی تحریر تھی۔ اس موقع پر پاکستان میں قائم دی وائس آف رشیا کے کلبوں کے سو کے قریب نمائندے بھی موجود تھے۔ سیکرٹری جنرل سیفما امتیاز عالم نے لسنرز کلبوں کے نمائندوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔