غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں: فضل الرحمن

غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں: فضل الرحمن

لاہور (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مر کزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے غیر جانبدارانہ اور منصفانہ انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں، کارکن عام انتخابات کے لئے تیاریاں کریں۔ جے یو آئی عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور بیرونی ایجنڈوں پر کام کرنے والوں کا ڈٹ کا مقابلہ کرے گی۔ وہ پارٹی رہنماﺅں مولانا محمد یوسف، مولانا محمد امجد خان، حافظ عبدالوہاب مدنی سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری، ملک سکندر خان ایڈووکیٹ، مفتی ابرار احمد اور دیگر موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے جے یو آئی کی جدوجہد ملک میں اسلام کے نفاذ کے لئے ہے اور اسلام کے نفاذ کے لئے قانون سازی کا بڑا فورم قومی اسمبلی ہے، آئین کی رو سے موجودہ حکومت بھی اسلام کے نفاذ کے لئے قانون سازی کی پابند ہے لیکن ایک قدم بھی نہیں اٹھایا گیا۔ جے یو آئی ملک کو سیکولر ریاست بنانے کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ نعروں کی سیاست سے عوام بیزار ہو چکے ہیں اگر موجودہ پارلیمنٹ میں جے یو آئی نہ ہوتی تو آئین کا حلیہ بگاڑ دیا جاتا۔ انہوں نے کہا نعروں پر عمل نہ ہو سکا بلکہ مسائل بڑھتے ہی جا رہے ہیں، مہنگائی بدامنی اور لوڈ شیڈنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی، بجلی کے بعد اب سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ مزید بڑھتی جا رہی ہے اور حکمران سب اچھا کی رٹ لگائے جا رہے ہیں۔ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے اور بدامنی سے عوام ذہنی مریض اور زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بیرونی پالیسیوں پر عمل کر کے ملک کو مسائلستان بنا دیا گیا ہے۔