عوام تبدیلی کیلئے آئندہ انتخابات کو انقلاب میں بدل دیں: منور حسن

عوام تبدیلی کیلئے آئندہ انتخابات کو انقلاب میں بدل دیں: منور حسن

لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ خود کو عقل و خرد اور تہذیب و تمدن کی معراج پر سمجھنے والوں نے انسانیت کو ذلت و پستی کی انتہاﺅں میں پہنچا دیا، آج دنیا جس کرب سے گزر رہی ہے وہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی اسلام دشمنی کا نتیجہ ہے، مغرب اسلام دشمنی میں پاگل ہو چکا ہے، اسلام کو دہشت گردی اور انتہاپسندی سے جوڑ کر اس کی روشن تعلیمات کو جھٹلایا نہیں جا سکتا، عالم اسلام کے حکمران جن کا اولین فرض اسلام کی تبلیغ و اشاعت کرنا تھا وہ اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار بن کر اسی کی چوکھٹ پر سجدہ ریز اور اسی کے احکامات پر عمل پیرا ہیں۔ ہم انتخابات کو تبدیلی کا ذریعہ سمجھتے ہیں لیکن اگر آئندہ انتخابات بھی عوامی دکھوں کا مداوا نہ کر سکے اور وہی چور لٹیرے دوبارہ مسلط کر دئیے گئے تو عوام تبدیلی کیلئے انقلاب کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ وہ منصورہ میں تربیت گاہ کے سینکڑوں شرکاءسے خطاب کر رہے تھے۔ سید منور حسن نے کہا کہ عوام حالات میں تبدیلی کیلئے کسی انقلاب کا انتظار کرنے کی بجائے آئندہ انتخابات کو انقلاب میں بدل دیں اور سال ہا سال سے اقتدار پر قابض چند خاندانوں کو اپنے ووٹ کی قوت سے سیاسی میدان سے نکال باہر کریں۔