ضمنی انتخابات میں شکست‘ ارکان کے استعفوں سے منظور وٹو کیلئے مشکلات پیدا ہو گئیں

لاہور (این این آئی) ضمنی انتخابات میں شکست اور صوبائی ارکان کے استعفوں کے بعد پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کیلئے شدید مشکلات پیدا ہو گئیں‘ عام انتخابات سے قبل پارٹی میں صورتحال کے سنگین ہونے کے بعد قیادت کی طرف سے آئندہ چند روز میں اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ منظور وٹو کو پنجاب کا صدر بنانے کے فیصلے کو ارکان اسمبلی سمیت پنجاب میں موجود قیادت نے دل سے تسلیم نہیں کیا اور اسی بناءپر انہیں صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ابھی تک کوئی بڑی کامیابی نہیں ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ منظور وٹو کو صدر بنائے جانے کے بعد قیادت پنجاب کے معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے آئندہ چند روزمیں اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ قیادت پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی قیادت سے بھی مطمئن نہیں۔