شیعہ علماءکونسل کا جمعتہ الوداع کو یوم القدس منانے کا اعلان

 لاہور (نامہ نگار) شیعہ علماءکونسل پاکستان کے زیر اہتمام 17 اگست 28 رمضان کو جمعتہ الوداع کے موقع پر ملک بھر میں عالمی یوم القدس منایا جائے گا۔ لاہور پریس کلب سے پی آئی اے آفس ایجرٹن روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ شیعہ علماءکونسل پنجاب کے صدر مظہر عباس علوی اور علامہ رضا کاظمی نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا مسلمانوں کا قبلہ اول نصف صدی سے اسرائیل کے قبضے میں ہے جو مسلمانوں کی غیرت پر سوالیہ نشان ہے؟ ہم اسرائیل کی بربریت کے خلاف ملک بھر میں عالمی یوم القدس کے موقع پر پرامن ریلیوں کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہا اس وقت پاکستان مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے۔ ہم حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ قوم کو ان مشکلات سے نکالا جائے۔