سول سیکرٹریٹ حملہ کیس، محکمہ بہبود آبادی کے 5ملازم ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

 لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سول سیکرٹریٹ حملہ کیس میں ملوث محکمہ بہبود آبادی کے پانچ ملازمین کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے درخواستوں پر سماعت شروع کی تو ملزمان ظفر وسیم ڈار وغیرہ کی طرف سے بتایا گیا کہ بہبود آبادی کے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں پُرامن احتجاج کیا تاہم حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے مظاہرین کے خلاف سول سیکرٹریٹ پر حملے کا بے بنیاد مقدمہ درج کروا دیا لہٰذا فاضل عدالت درخواست گزاروں کی ضمانت منظور کرے۔ سرکاری وکیل کی طرف سے ضمانتوں کی مخالفت کرتے ہوئے مﺅقف اختیار کیا گیا کہ بہبود آبادی کے ملازمین نے سیکرٹریٹ پر حملہ کیا، توڑپھوڑ کی اور اس میں ایک اہلکار کو ہلاک کر دیا گیا۔ وکلا کے دلائل کے بعد فاضل عدالت نے ملزمان کو ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کے احکامات جاری کر دئیے۔