گورنر اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے لئے رواں سال تیسری مرتبہ سپلیمنٹری گرانٹ جاری
لاہو ر(معین اظہر سے) گورنر اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو موجودہ مالی سال میں تیسری مرتبہ سپلیمنٹری گرانٹ جاری کردی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب نے اپنے اخراجات کنٹرول کرنے کے لئے خود اعلان کیا تھا لیکن ان کے سیکرٹریٹ کو مختلف ہیڈ میں تیسری مرتبہ سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی گئی ہے۔ اسی طرح پنجاب کے وی وی آئی پیز کے زیر استعمال بلٹ پروف گاڑیوں کی مرمت کے لئے بھی کروڑوں روپے جاری کئے گئے ہیں۔ ایک گاڑی کی مرمت کے لئے 53 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم جاری کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے اپنے سیکرٹریٹ کے اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لئے اس میں 25 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب گورنر سیکرٹریٹ کو تیسری مرتبہ موجودہ مالی سال میں سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی گئی ہے۔ اس کے لئے گورنر پنجاب کے ملٹری سیکرٹری کی طرف سے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو کیس 18 فروری کو بھجوایا تھا جس میں ٹی اے کے لئے پانچ لاکھ روپے، جبکہ انٹرٹینمنٹ اینڈ گفٹ کے لئے 19 لاکھ روپے اور ٹرانسپورٹ کے لئے 62 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ مانگی گئی تھی جس پر محکمہ خزانہ نے پہلے اعتراض لگایا تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے گورنر سیکرٹریٹ کو 86 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کردی گئی۔ اسی طرح وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن کی طرف سے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو لیٹر جاری کیا گیا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی جائے جس کے لئے محکمہ خزانہ کو بتایا گیا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے لئے بجٹ میں 1کروڑ 20 لاکھ روپے جاری کئے گئے تھے۔ بعد ازاں 1 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ جاری کی گئی تھی اس کے علاوہ اب 91 لاکھ روپے مزید ٹرانسپورٹ کے فنڈز کے لئے جاری کئے جائیں جس پر محکمہ خزانہ نے اعتراض لگایا تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جانے والی سمری میں اس کی منظوری دیدی گئی اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو ٹرانسپورٹ کی ہیڈ میں 91 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کردی گئی۔ پنجاب کے وی وی آئی پی کے زیر استعمال بلٹ پروف گاڑیوں کے لئے بھی لاکھوں کے فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے بھجوائے جانے والے لیٹر میں مرسڈیز کار نمبر ایس 600 ٹو کے بارے میں لیٹر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ وی وی آئی پی فلیٹ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں یہ گاڑی جو وی وی آئی پی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے، اس کو ٹھیک کروانے کے لئے 53 لاکھ 52 ہزار 174 روپے جاری کئے جائیں جس پر فنڈز جاری کردیئے گئے۔ اسی طرح بی ایم ڈبلیو کار نمبر 15 کے لئے بھی سی ایم سیکرٹریٹ جاری جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ یہ گاڑی وی وی آئی پی استعمال کرتے ہیں اس کے لئے 12 لاکھ 83 ہزار 614 روپے فوری جاری کئے جائیں جس پر رقم جاری کردی گئی۔ اس کے علاوہ ایک اور لیٹر جو مرسیڈیز گاڑی نمبر ایس 500 کے لئے جاری کیا گیا ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ وی وی آئی پی فلیٹ کی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں گاڑی ہے اس کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے فوری طور پر 38 لاکھ 44 ہزار 632 روپے جاری کئے جائیں جس پر محکمہ خانہ نے فنڈز جاری کردیئے۔ اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ کو بلٹ پروف لینڈ کروزر گاڑی جس کا انجن نمبر 29132625 ہے، کے لئے 6 لاکھ 50 ہزار روپے ہائیکورٹ کے موٹر ٹرانسپورٹ آفیسر نے مانگے ہیں۔