شہباز اپنے اور میرے فلاحی ترقیاتی کاموں کا اصلی سروے کرائیں: پرویزالٰہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو چیلنج کیا ہے کہ وہ پنجاب میں اپنی حکومت کے 9 اور میرے 5 سال کے دوران ہونے والے عوامی فلاحی و ترقیاتی کاموں، ضروری استعمال کی اشیاء کی قیمتوں اور امن عامہ کے بارے میں اصلی و عوامی سروے کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کی تاریخ کا پہلا وزیردفاع ہے جس نے اپنے ہی ملک کی فوج کو بُرا بھلا کہا ہو اور یہ قومی المیہ ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حقیقی سروے سے پتہ چل جائے گا کہ پنجاب میں ہماری حکومت کے بعد موجودہ حکمرانوں کے دور میں آٹا، چینی، دالوں، گھی وغیرہ، ڈکیتیوں، جرائم، خود کشیوں، اغواء برائے تاوان، گاڑیاں موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، کتنے لوگوں کو زکوٰۃ اور ہسپتالوں میں فری ادویات نہیں مل رہیں، ہمارے بنائے گئے کتنے ہسپتال، برن یونٹ، سکول، کالج چالو نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے من پسند سروے کے ذریعہ دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو نیچا دکھانے کی کوشش نہایت افسوسناک ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کہ حقیقی سروے میں پتہ چل جائے گا کہ پیلی ٹیکسی، آشیانہ، ٹریکٹر اور دیگر سکیمیں کہاں گئیں، 2 روپے کی روٹی کہیں نہیں لیکن سستی روٹی اتھارٹی پر 22 ارب روپے خرچ ہو گئے، خدا کا شکر ہے کہ 1122 سمیت ہماری سکیموں کو یہ بند نہیں کر سکے لیکن ان میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں نہیں چھوڑ رہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیردفاع کا یہ کہنا قومی المیہ ہے کہ انہوں نے جنگیں ہاریں اور پیسے کھا جاتے ہیں لیکن یہ 63جی بھی پڑھ لیں جس کے تحت فوج اور عدلیہ پر تنقید کرنے والے پارلیمنٹرین نا اہل ہو جاتے ہیں۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گینز بک ریکارڈ والوں نے صرف ایک ریکارڈ تسلیم کیا ہے اس دھوکہ دہی کا مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ بلدیاتی الیکشن کے بارے میں انہوں نے جواب دیا کہ یہ حکمران نچلی سطح پر اختیارات دینے کی بجائے کونسلر کے اختیارات بھی خود استعمال کرنا چاہتے ہیں اس لئے بلدیاتی الیکشن نہیں کرائیں گے۔