نشتر کالونی: روٹھی بیوی نہ ماننے پر فائرنگ، بچہ قتل، ساس سمیت 7 زخمی
لاہور+ قصور (نامہ نگار) نشتر کالونی کے علاقہ میں روٹھی بیوی کے نہ ماننے پر ایک شخص نے پنچائیت پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر سات سالہ بچہ ہلاک جبکہ اس کی ساس، سسر اور دو سالیوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نشتر کالونی کے رہائشی امیر حمزہ کی شادی 10 سال قبل قصور کی ارم کے ساتھ ہوئی تھی۔ چند روز قبل ارم کسی بات پر اپنے شوہر امیر حمزہ سے ناراض ہوکر میکے چلی گئی۔ میاں بیوی کی صلح کے سلسلے میں ان کے ایک رشتے دار کے گھر پنچائیت بلائی گئی ۔جہاں ارم نے اپنے خاوند امیر حمزہ سے صلح اور اس کے ساتھ رہنے سے انکار کردیا جس پر امیر حمزہ نے مشتعل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر اس کی ساس حمیدہ، سالی سمیرا، سالی فاضل بی بی، سسر صادق، چھت پر کھڑا 7 سالہ بچہ زین، محلے دار ظہیر اور بشیر سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ملزم فرار ہوگیا۔ زخمیوں کو جنرل ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ جہاں 7 سالہ بچہ زین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ملزم دوران فائرنگ اپنی بیوی کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر فرار ہوگیا۔ بچے کے ورثاء نے شدید احتجاج کیا۔