متاثرین کی مکمل بحالی تک کوششیں جاری رکھیں گے: بلال یاسین
لاہور(خبر نگار) متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔انتظامیہ متاثرین کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب سے نمٹنے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سرگودھا،خوشاب،چنیوٹ اور جھنگ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ان علاقوں میں حکومت پنجاب کی طرف سے لگائے گئے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو تازہ روٹی فراہم کرنے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے کیمپوں میں مکینیکل تندور لگائے جا رہے ہیں۔