پنجاب کا پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان عوام پر پراپرٹی ٹیکس بم گرانے کا فیصلہ

لاہور (احسان شوکت سے) پنجاب حکومت نے بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے پریشان حال عوام پر یکم جنوری 2014ءسے پراپرٹی ٹیکس بم گرانے کا منصوبہ بنا لیا ہے جس کے تحت پراپرٹی ٹیکس کی پرانی شرح میں تین سو سے چار سو گنا اضافہ کرکے نئے سرے سے پراپرٹی سروے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا صوبہ بھر میں جائیدادوں کی تشخیص کے لئے نیا پراپرٹی سروے جاری ہے جس کے تحت یکم جنوری 2014ءسے نیا پراپرٹی ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے محکمہ ایکسائز حکام کو احکامات جاری کئے ہیں کہ صوبہ میں پراپرٹی ٹیکس کا ٹارگٹ بڑھایا جائے۔ جس کے بعد پنجاب حکومت کے محکمہ ایکسائز کو نئی شرح سے پراپرٹی ٹیکس لگانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ نئی شرح کے مطابق پراپرٹی ٹیکس میں مختلف کیٹیگریز کے حساب سے چار سو سے تین سو گنا تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری میں کرایہ پر دی گئی رہائشی جائیداد پر چار روپے مربع فٹ ٹیکس وصول کیا جاتا تھا جوکہ بڑھاکر 15روپے کر دیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری ذاتی رہائشی جائیداد کا 40پیسے سے بڑھاکر ڈیڑھ روپے جبکہ بی کیٹیگری کرایہ رہائشی جائیداد کا 3روپے سے بڑھاکر دس روپے اور بی کیٹیگری ذاتی رہائش کا 30پیسے سے بڑھاکر 1روپے ٹیکس کیا جا رہا ہے۔ سی کیٹیگری رہائشی کرایہ کا 2روپے سے بڑھاکر ساڑھے 6روپے جبکہ ذاتی رہائش کا 20پیسے سے بڑھاکر 65پیسے مربع فٹ وصول کیا جائے گا۔ اب کمرشل جائیداد کی طرف آئیں تو اے کیٹیگری کرایہ جائیداد کا 12روپے سے بڑھاکر 120روپے مربع فٹ ٹیکس نافذ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے اے کیٹیگری پر ایک ہزار مربع فٹ کا 32ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جاتا تھا جو اب بڑھ کر 1لاکھ 29ہزار 6سو روپے ہو جائے گا۔ اسی طرح بی کیٹیگری کمرشل کا پراپرٹی ٹیکس 9روپے سے بڑھاکر 90روپے، سی کیٹیگری کا 7روپے سے بڑھ کر 68روپے، سی کیٹیگری کا 5روپے سے بڑھکر 51روپے مربع فٹ ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ کمرشل ذاتی اے کیٹیگری کا 4، بی کیٹیگری کا 3، سی کیٹیگری ڈھائی جبکہ ڈی کیٹیگری جائیداد کا 2روپے مربع فٹ وصول کیا جانے والے ٹیکس میں بھی تین سو گنا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے عوام کو میٹھی گولی دی ہے کہ ٹیکس ریٹ 20فیصد سے کم کرکے 10فیصد کیا جا رہا ہے جبکہ حقائق یہ ہیں کہ نئی تشخیص میں جائیدادوں کی کیٹیگریز بڑھاکر صوبہ بھر میں تمام پراپرٹیز پر کئی سو گنا زیادہ ٹیکس وصول کرنے کے ایجنڈے پر کام جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے پراٹری ٹیکس کے نفاذ سے عوام کی چیخیں نکل جائیں گی مگر حکومت اپنے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔