سیلاب ‘ صاف پانی کی عدم فراہمی، لوگ بیماریوں میں مبتلا ہو گئے:شیر علی گورچانی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی سردارشیرعلی خان گورچانی نے گورنر پنجاب چودھری سرورسے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع راجن پورکی سیاسی اموراور سیلاب کے بعد ریلیف کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ڈپٹی سپیکر نے گورنر پنجاب کو ڈویژن ڈیرہ غازیخان میں سیلاب کے بعد پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کی نشان دہی کرتے ہوئے بتایاکہ سیلاب کے بعد علاقہ میں پینے کاپانی آلودہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ علاقوں کی آبادی مختلف بیماریوں میں مبتلاہورہی ہے جس کے لئے ضلع راجن پورکے تمام سیلاب متاثرہ علاقوں میں واٹرفلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں۔ جس پر گورنرپنجاب چوہدری محمدسرورنے مختلف این جی اوز کے تعاون سے ضلع راجن پورکے تمام متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر واٹر فلٹریشن پلانٹ جبکہ بجلی سے محروم علاقوں میں سولر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کی یقین دہانی کرائی۔