گوہر ایوب کی بیٹے سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کا معاملہ مشکو ک ہوگیا

لاہور( خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ہمخیال کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ و سابق سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان اور ان کے صاحبزادے سابق وزیر خزانہ عمر ایوب خان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا معاملہ مشکوک ہوگیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ہمخیال نے مسلم لیگ ن سے اپیل کی ہے کہ اُن کی جماعت کے رہنماﺅں کو مسلم لیگ ن میں شامل نہ کیاجائے اس طرح تاثر پیدا ہوگا کہ ایک طرف دونوں جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹ منٹ ہورہی ہے اور دوسری طرف مسلم لیگ ن کی قیادت ہمخیال رہنماﺅں کو توڑ رہی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن نے فی الحال گوہر ایوب خان کی شمولیت کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ گوہر ایوب خان مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کے اپنے ارادے کی میڈیا کو تصدیق کرچکے تھے۔