کراچی کی صورتحال سوات سے زیادہ خطرناک، فوج بلانے کے سوا کوئی آپشن نہیں: الیاس بلور

لاہور (وقت نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر الیاس بلور نے کہا ہے کہ کراچی کی صورتحال سوات سے زیادہ خطرناک ہے، فوج بلانے کے سوائے کوئی اور آپشن نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود فہد حسین میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے بھی شرکت کی۔ سینیٹر الیاس بلور کا کہنا تھا کہ کراچی میں فوج کے آنے سے ہی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ پولیس اور رینجرز ساڑھے 4 سال میں کچھ نہیں کر سکیں، کراچی کی پولیس سیاست کی نذر ہو چکی ہے جب تک کراچی کو اسلحہ سے پاک نہیں کیا جائے گا حالات ٹھیک نہیں ہوں گے اور یہ کام صرف فوج ہی کر سکتی ہے۔ عبدالرشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ طالبان کراچی کے حالات جان بوجھ کر خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، فوج کو کراچی میں بلانا آخری آپشن ہے۔ خدانخواستہ اگر فوج ناکام ہو جاتی ہے تو پھر خانہ جنگی کا امکان ہو سکتا ہے۔ خدارا کراچی کا موازنہ سوات، وانا یا وزیرستان سے نہ کیا جائے، یہ کوئی پہاڑی علاقہ نہیں ہے، سوات سے 25 لاکھ افراد نے نقل مکانی کی جبکہ کراچی کی آبادی سوا دو کروڑ ہے۔