عمران خان عوام کو دھوکہ دینے سے باز رہیں: رانا ثنا

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ایجنسیوں کے سہارے سیاست کرنے والے عمران خان کو انتخابات میں اپنی جماعت کی اصل حقیقت معلوم ہو جائے گی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران اپنی تیزی سے گرتی ہوئی سیاسی ساکھ کو سہارا دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں کی مدد سے لائے جانے والے عمران خان کے سونامی نے واپسی کا سفر شروع کردیا ہے۔ عمران خان عوام کو دھوکہ دینے سے باز رہیں اور عوام کو بتائیں کہ انہوں نے ڈرون حملوں کے خلاف امریکہ میں آواز کیوں نہ اٹھائی؟ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پرکامیابی حاصل کرے گی۔