پی اینڈ ڈی کا فنڈز دینے سے انکار، مری شٹل سروس رواں مالی سال شروع نہیں ہوگی

لاہور(معین اظہر سے)   اسلام آباد سے مری شٹل سروس شروع کرنے کے لئے چیئرمین پی اینڈ ڈی نے فنڈز دینے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم کے احکامات پر دوسرے مالی سال بھی یہ منصوبہ شروع نہیں ہو سکے گا ، وزیر اعظم نواز شریف نے مری میں گاڑیوں کے رش کو گرمیوں کے سیز ن میں کم کرنے کے لئے مئی 2014 کو احکامات دئیے تھے ٹورزم ڈیپارٹمنٹ شٹل سروس شروع کرے جس کے تحت مالکان اپنی گاڑی اسلام آباد پارکنگ پر چھوڑ کر شٹل کے ذریعے مری جائیں گے ۔ اسلام آباد سے تقریباً 2 ہزار گاڑیوں کو مری جانے سے روکنے کے لئے منصوبہ وزیر اعظم نے مئی 2014 میں شروع کرنے کی ہدایات دی تھیں اور کہا تھا اسے مکمل کرکے اگلے سال گرمیوں میں گھنٹوں ٹریفک جام پرقابو پایا جا سکے ۔ ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کی وزیر اعظم کی ہدایات پر گزشتہ سال ہی کام شروع کر دیا تھا اور 10 ایکڑ رقبے کے لئے سی ڈی اے کو فائل بھجوائی لیکن سی ڈی اے نے جگہ فراہم کرنے پر متعدد اعتراضات لگا دئیے ۔ اب ہم نے فنڈز جاری کرنے کا کہا تھا لیکن چیئرمین پی اینڈ ڈی نے اعتراضات لگا دئیے ہیں اور کہا ہے اگلے مالی سال کے بجٹ میں اس منصوبہ کو رکھا جائے گا۔ پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جو پی سی ٹو بھیج دیا گیا تھا اس میں رقم کی تفصیل اور منصوبے پر کتنے عرصہ میں عمل درآمد ہوگا کا ذکر نہیں تھا ۔ ایم ڈی ٹی ڈی سی پی نے ان اعتراضات پر کہا ہے فزیبلٹی سٹڈی کیلئے 3 کڑور روپے کے فنڈز درکار ہیں ۔ پی اینڈ ڈی کے ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے فزیبلٹی سٹڈی کے لئے ان کو دو سے تین ماہ درکار ہیں کیونکہ اگلے ماہ نئے مالی سال کا بجٹ آجائے گا اسلئے ان کو 50 لاکھ روپے فزیبلٹی سٹڈی کے کا م کو شروع کرنے کے لئے جاری کئے گئے ہیں تاکہ رقم کا استعمال ٹھیک ہو سکے تاہم اس کے لئے ابھی تک ٹورزم کارپوریشن نے فزیبلٹی اسٹڈی کے لئے فرم کی خدمات بھی نہیں لی ہیں پی اینڈ ڈی کی طرف سے اس منصوبے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔
شٹل سروس