پی آئی سی میں رش کم کرنے کیلئے ٹیچنگ ہسپتالوں کے کارڈیک شعبے فعال کرنے کا فیصلہ

پی آئی سی میں رش کم کرنے کیلئے ٹیچنگ ہسپتالوں کے کارڈیک شعبے فعال کرنے کا فیصلہ

لاہور(نیوزرپورٹر)مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ امراض قلب کے مریضوں کا لوڈ برداشت کرنا کسی ایک ہسپتال کے بس کی بات نہیں۔ پہلے مرحلہ میں لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں شعبہ امراض قلب کو پوری طرح فنکشنل کیا جائے گا تاکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کا رش کم ہو ۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر بلقیس نے کہا کہ میو ہسپتال کے شعبہ امراض قلب میں سٹاف اور طبی آلات کی کمی ہے اگر سہولیات فراہم کر دی جائیں تو شعبہ پوری استعداد کے مطابق ورکنگ شروع کر دے گا۔تمام متعلقہ ہسپتالوں کے ماہرین امراض قلب نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میںمریضوں کے رش کو کم کرنے اور بہتر سہولیات کی فراہمی اور دیگر ہسپتالوں کے کارڈیک یونٹس کو فنکشنل کرنے کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ مسائل کی نشاندہی کی۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ لاہور کی آبادی اور ارد گرد کے شہروں کے دبائو کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں ہمیں امراض قلب کا مزید ایک ہسپتال تعمیر کرنا ہو گا تاہم لانگ ٹرم پلاننگ کے ساتھ ٹیچنگ ہسپتالوں کے کارڈیک یونٹس سے استفادہ کرنا بھی ضروری ہے۔