پنجاب کے ہسپتالوں میں صحت کی سہولتیں میسر نہیں : منظور وٹو

پنجاب کے ہسپتالوں میں صحت کی سہولتیں میسر نہیں : منظور وٹو

لاہور(خبر نگار)پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے حکومت پنجاب کی صحت کی سہولتوں کو آئوٹ سورس کرنے کو حکومت کی ناکامی قرار دیا کیونکہ لوگوں کو صحت کی سہولتوں کی دستیابی نہ ہونے کے برابر ہے۔   انہوں نے کہا کہ  سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹر ملتے ہیں اور نہ ہی ادویات دستیاب ہیں اور شعبہ حادثات صرف نام ہی کے ہیں کیونکہ وہاں زندگی بچانے والی دوائیوں تک کا فقدان ہے۔
،  انہوں نے ایک بڑے سرکاری ہسپتال کے ایک سینیئر ترین ڈاکٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں شفٹ کرنا پڑا کیونکہ ہسپتال میں دل کے امراض کے لیے خریدی گئی مشینیں کئی برسوں سے خراب پڑی ہیں اور محکمہ صحت نے انہیں ٹھیک کروانے یا تبدیل کرنے کے لیے فنڈز جاری نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت کا خدا ہی حافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ایک بڑی آبادی کو صاف پینے کا پانی دستیاب نہیں جس سے ہیپاٹائٹس کا مرض وباء کی طرح پھیل گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مجوزہ آئوٹ سورسنگ کی پالیسی سے ڈاکٹروں اور میڈیکل سٹاف میں بڑی تشویش کا باعث بنے گی۔