منی لانڈرنگ کیس: نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے، عدالت طلب کرنیکی درخواست دائر

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے اور عدالت میں طلب کرنے کے لئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی درخواست میں کہا گیا ہے نوازشریف نے اربوں روپے غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے ہیں۔ پلاٹوں کی بندر بانٹ کی اور اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ 1990میں نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس دائر کیا گیا تھا جس کی سماعت پچیس سال بعد عدالت عالیہ کا فل بنچ کر رہا ہے۔ضابطہ دیوانی کے تحت نواز شریف کے عدالت میں موجود ہونے کی صورت میں منی لانڈرنگ کے ثبوت پیش کرنا اور نواز شریف پر جرح کرنا درخواست گزار کا قانونی استحقاق ہے۔ عدالتی فیصلہ آنے تک نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔